تقدیر میں گناہ لکھ دیا گیا تو ہمیں اسکی سزا کیوں ؟؟

اللہ رب العزت قرآن کریم میں فرماتے ہیں.
لا تبدیل لکلمت اللہ ( اللہ کے کلمات میں کوئی تبدیلی نہیں) یعنی لوح محفوظ میں جو چیز لکھ دی گئی ہے ویسا ہی ہوگا.
اور حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ "آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا کہ جب بچہ ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے تب ہی لکھ دیا جاتا ہے کہ نیک ہوگا یا بدبخت".
قرآن و حدیث کے نصوص سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ ہم جو کام بھی کرتے ہیں وہ لوح محفوظ میں پہلے سی لکھا ہوا ہے,  چنانچہ بہت سے لوگ گناہ کر کے اسکی شرمندگی سے بچنے کیلئے کہتے ہیں کہ یہ بات تو پہلے سے لکھی ہوئی تھی, اسمیں میرا کیا قصور, یہ تو اللہ کی طرف سے ہوا ہے. حالانکہ یہ بالکل غلط بات ہے.
اصل مسئلہ سمجھنے سے پہلے ایک مثال سمجھئے کہ میرا بیٹا ہے وہ ١۲ بجے اسکول سے آتا ہے کھانا کھا کر نماز سے فارغ ہو کر سو جاتا ہے.  ایک دن میرے یہاں میرے عزیز آئے تو میں نے انہیں بتایا کہ میرے بیٹے کا یہ معمول ہے, اور ہمیشہ کی طرح اس دن بھی بیٹے کا یہی معمول رہا تو کوئی عقلمند آدمی یہ کہے گا کہ چونکہ باپ نے ایسا کہا تھا اسلئے ایسا ہوا ؟ نہیں بلکہ مجھے اپنے بیٹے کی عادت معلوم تھی اسلئے میں  نے جو کہا ویسا ہوا.
اب سمجھئے اصل بات کو کہ اللہ تعالی کا علم ازلی بھی ہے (یعنی اسکا علم قدیم ہے, ہمیشہ سے ہے)
اور ابدی بھی ہے (یعنی ہمیشہ رہے گا, آگے جو حالات آنے والے ہیں اسکا علم بھی اللہ کو ہے). اسلئے اللہ تعالی نے لوح محفوظ میں جو بات لکھی ہیں وہ اپنے علم ابدی کی وجہ سے لکھی کہ اللہ کو معلوم تھا کہ میرا فلان بندہ فلان وقت اسکو گناہ کا موقع ملے گا اور وہ گناہ کرے گا اسلئے اللہ نے لوح محفوظ میں لکھ دیا کہ گناہ کریگا. تو کیا کوئی کہے گا کہ لکھنے کیوجہ سے گناہ کیا ؟
دونوں مثالوں میں فرق صرف اتنا ہے کہ بندہ کا علم یقینی نہیں, ہوسکتا ہے میں نے اپنے بیٹے کے بارے میں جو بات کہی وہ غلط ہو جائے.  لیکن اللہ رب العزت کا علم یقینی ہے کہ اسکا علم اپنے بندے کے بارے میں یقینی ہے.  لہذا جو بندہ بھی گناہ کرتا ہے وہ اپنے اختیار سے کرتا ہے, البتہ اللہ تعالی کو اسکا علم پہلے سے تھا کہ میں اپنے بندے کو اختیار دوں گا اور وہ اس اختیار کو غلط استعمال کرے گا, اسلئے لوح محفوظ میں پہلے سے لکھ دیا. اسی وجہ سے بندہ کو اپنا اختیار غلط استعمال کرنے پر سزا بھی مل سکتی ہے. 
اللہ تعالی ہم سب کو گناہوں سے محفوظ رکھے. آمین.

Comments

Popular posts from this blog

رزق لکھا جا چکا ہے تو محنت کیوں؟؟

کچراچی کو کراچی بناؤ ( #کچراچی_کو_کراچی_بناؤ )

تقلید شرک نہیں!! مقلد درحقیقت قرآن و سنت ہی کی اتباع کرتا ہے...